ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مقروض کسان بینکوں کی نوٹس سے پریشان نہ ہوں : کمارسوامی

مقروض کسان بینکوں کی نوٹس سے پریشان نہ ہوں : کمارسوامی

Mon, 06 Aug 2018 22:40:41    S.O. News Service

بنگلورو،6؍اگست(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے ریاست کے کسانوں کویقین دلایا ہے کہ ان کے قرضوں کی معافی کے وعدے کو عملی طور پر صد فیصد نافذ کیا جائے گا۔ بعض بینکوں کی طرف سے قرضوں کی ادائیگی کے لئے کسانوں کو نوٹس کے اجراء پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کمار سوامی نے کہاکہ ریاستی حکومت کی طرف سے اس سلسلے میں بڑے پیمانے پر جانکاری عام کی جارہی ہے۔ قرضے لوٹانے کے لئے بینکوں کی طرف سے کسانوں کو جو نوٹس جاری کئے گئے ہیں ، وزیر اعلیٰ کمار سوامی نے اس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کی طرف سے کتنی رقم قرضے میں واجب الادا ہے اس کا جائزہ لینے کے بعد بینکوں سے بات چیت کی گئی ہے کہ ان قرضوں کو معاف کرنے میں وہ ریاستی حکومت کا ساتھ دیں۔

انہوں نے کہاکہ بینکوں کی طرف سے صرف ان قرضوں کے عوض کسانوں کو نوٹسیں جاری کی گئی ہیں جن کی میعاد پوری ہوچکی ہے۔ان سے قرضوں کی وصولی کے متعلق نوٹس اگر جاری ہوئے ہیں تو انہیں واپس لینے کی ہدایت جاری کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ سرکاری بینکوں کے ساتھ میٹنگ کرکے 6500 کروڑ روپیوں کے قرضے معاف کرنے کے لئے فارمولہ تیار کیا گیا ہے، بعض بینکوں نے اس سے اتفاق کیا ہے جبکہ بعض نے انکار کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وجہ سے عوام میں ایسے خدشات کی ضرورت نہیں ہو کہ حکومت ان کے قرضوں کو معاف کرے گی بھی یا نہیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہاکہ بعض بینکوں کی طرف سے قرضے وصول کرنے کے لئے نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔ کسان ان نوٹسوں سے پریشان نہ ہوں ، حکومت ان کی مدد کے لئے تیار ہے۔ کامیاب مانسون کے سبب ریاست بھر میں فصلوں کے لئے ماحول کو انتہائی سازگار قرار دیتے ہوئے کمار سوامی نے کسانوں کو مشورہ دیا کہ وہ فصلوں کی طرف متوجہ ہوں ، کھاد اور بیج حاصل کرنے میں لگیں۔ قرضوں کے متعلق انہیں کسی طرح کی تشویش میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ 


Share: